وینزویلامیں شدید زلزلوں کے نتیجے میں کم از کم 164 ہلاک، ایک ہزار زخمی

وینزویلا کی عبوری صدر ڈیلسی روڈریگیز نے جمعرات کو کہا ہے کہ ملک میں آنے والے شدید زلزلوں کے نتیجے میں کم از کم 164 افراد جان سے گئے جبکہ تقریباً ایک ہزار زخمی ہو گئے ہیں۔ڈیلسی روڈریگیز کے مطابق زلزلوں سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے، ہسپتالوں اور رہائشی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔اے پی کے مطابق انہوں نے مزید بتایا کہ تعمیرِ نو کے لیے 20 کروڑ ڈالر کا ابتدائی فنڈ قائم کیا جائے گا، جس کے لیے آئی ایم ایف کے وسائل استعمال کیے جائیں گے۔ یہ فنڈ انفراسٹرکچر، ہسپتالوں اور رہائشی منصوبوں کی بحالی پر خرچ کیا جائے گا۔روڈریگیز نے خبردار کیا کہ اموات کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ ریسکیو ٹیمیں منہدم عمارتوں میں تلاش کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں اور ایمرجنسی عملہ تباہ شدہ علاقوں تک پہنچ رہا ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلوں کا مرکز مورون نامی قصبے کے مغرب میں تھا، جو ملک کے کیریبین ساحل پر واقع ہے اور کاراکاس سے تقریباً 168 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔ زلزلے کی گہرائی 22 کلومیٹر تھی۔یو ایس جی ایس کے مطابق 7.2 شدت کے زلزلے کے صرف ایک منٹ بعد 7.5 شدت کا ایک اور زیادہ طاقت ور زلزلہ آیا۔اے ایف پی نے بتایا کہ دوسرے زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی اور اس کا مرکز مورون سے 16 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں