کشمیری عوام کیساتھ یکجہتی کیلئے جا رہے تھے، وفد کو روکنا سیاسی آزادیوں پر قدغن کے مترادف ہے، ٹی ٹی اے پی
راولپنڈی (ویب ڈیسک) تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کو جموں کشمیر میں جاری دھرنے کے شرکاءسے اظہارِ یکجہتی کے لیے جاتے ہوئے کہوٹہ کے مقام پر پولیس نے روک دیا۔ وفد کے اراکین نے پولیس حکام سے استفسار کیا کہ انہیں کس قانونی جواز کے تحت روکا جا رہا ہے، جس پر پولیس اہلکاروں نے موقف اختیار کیا کہ انہیں ”افسرانِ بالا کے احکامات“ کے تحت وفد کو آگے جانے سے روکنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ وفد کے اراکین نے اس اقدام پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پرامن سیاسی سرگرمیوں اور اظہار یکجہتی کے حق کو طاقت کے ذریعے محدود نہیں کیا جاسکتا۔ وفد کا کہنا تھا کہ انہیں کسی بھی قانونی حکم نامے یا تحریری ہدایت کے بغیر روکنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ وفد نے واضح کیا کہ وہ پرامن اور جمہوری طریقے سے جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے لیے جا رہے تھے اور انہیں روکنا سیاسی آزادیوں پر قدغن کے مترادف ہے۔


