زراعت کا شعبہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنیکی صلاحیت رکھتا ہے، صوبوں کی مشاورت سے زرعی پالیسی بنائیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی تنظیم نو،زرعی شعبے میں اصلاحات سے متعلق جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ صوبوں کی مشاورت سے جامع قومی زرعی پالیسی جلد از جلد مرتب کی جائےگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل کو صحیح معنوں میں زرعی تحقیق کا مرکز بنایا جائے، زرعی شعبہ پاکستان کو پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، بہتر بیج، جدید زرعی ٹیکنالوجی، پانی، کھاد کی بروقت اور مناسب فراہمی سے فی ایکڑ پیداوار بڑھے گی۔ زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن، بہتر ویئر ہاﺅسنگ اور جدید ذخیرہ سازی کے نظام پر توجہ دی جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے زرعی شعبے میں ایپکس فورم قائم کرنے کی ہدایت کی، فورم ایگریکلچر انوویشن اور گروتھ پلان پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے سے متعلق ماہانہ اجلاس کرے گا۔ شہبازشریف نے کہا کہ زرخیزی ای زرعی قرضے پروگرام سے متعلق ملک گیر آگاہی مہم شروع کی جائے۔ کسانوں کو آسان زرعی قرضوں تک رسائی مزید بہتر بنایا جاسکے۔ اجلاس میں وزیراعظم کو زرعی شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر میں پائلٹ بنیادوں پر ملٹی گرین آٹے کی تیاری جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں