پاکستان ایران بارڈر ٹریڈ کو محفوظ، منظم اور شفاف بنانے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے گی، مینجمنٹ کمیٹی
نوکنڈی (نامہ نگار) پاکستان ایران سرحدی تجارت کے فروغ، بارڈر مینجمنٹ کو مزید موثر بنانے اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان اور ایران کے اعلیٰ سطحی وفود کے درمیان اہم اجلاس راہداری گیٹ تفتان میں منعقد ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت ڈپٹی کمشنر چاغی جہانزیب نور شاہوانی جبکہ ایرانی وفد مرزبان درجہ یک نے کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر تفتان سمیت ایرانی افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان سرحدی تجارتی سرگرمیوں کو وسعت دینے، زائرین کی آمد ورفت ، باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور تاجروں کو درپیش مسائل کے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اسمگلنگ کی موثر روک تھام، بارڈر کراسنگ کے نظام کو بہتر بنانے، سرحدی باڑ (فینسنگ) سے متعلق امور، قانونی تجارت کے فروغ اور بارڈر مینجمنٹ کے مختلف پہلوﺅں پر غور کیا گیا۔ دونوں وفود نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان ایران بارڈر ٹریڈ کو محفوظ، منظم اور شفاف بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے گی تاکہ قانونی تجارت کو فروغ ملے اور سرحدی علاقوں کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ اجلاس کے اختتام پر دونوں ممالک کے نمائندوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور سرحدی تجارت کے فروغ کے لیے مستقبل میں بھی مشترکہ اقدامات اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔


