دکی میں بجلی کے گرڈ اسٹیشن پر حملہ، مسلح افراد نے تعمیراتی کمپنی کی مشینری نذر آتش کردی، ضلعی انتظامیہ
کوئٹہ (ویب ڈیسک) دکی میں بجلی کے گرڈ اسٹیشن پر مسلح حملہ، تعمیراتی کمپنی کی مشینری نذرِ آتش، فائر بریگیڈ نے بروقت آگ پر قابو پالیا۔ دکی شہر کراس کے قریب واقع بجلی کے گرڈ اسٹیشن میں نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کرکے تعمیراتی کمپنی کی مشینری کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں مشینری کو شدید نقصان پہنچا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی میونسپل کمیٹی دکی کے چیئرمین اور چیف آفیسر کی ہدایت پر فائر بریگیڈ انچارج صابر خان اپنی ٹیم کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ فائر بریگیڈ اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کی، جس کے باعث آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا گیا اور ممکنہ بڑے نقصان سے بچاﺅ ممکن ہوا۔ واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہد اکٹھے کیے، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، جبکہ علاقے میں سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔


