ایران اور قطر کے درمیان معطل سمندری تجارت اور بحری جہازوں کی آمد و رفت دوبارہ شروع
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران اور قطر کے درمیان گزشتہ تقریباً پانچ مہینوں سے معطل سمندری تجارت اور بحری جہازوں کی آمد و رفت دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں تعینات ایران کے تجارتی مشیر عباس عبدالخانی نے اتوار کے روز ایران کے سرکاری میڈیا کو بتایا کہ دوحہ میں ایرانی سفارت خانے اور قطری حکام کے درمیان آپسی بات چیت اور بہترین تال میل کے بعد ایران کی دیر بندرگاہ اور قطر کی الرویس بندرگاہ کے درمیان بحری جہازوں کی نقل و حرکت کا سلسلہ دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔ یہ دونوں بندرگاہیں آمنے سامنے واقع ہیں اور ان کے ذریعے علاقے میں بڑے پیمانے پر روزمرہ کی تجارت کی جاتی ہے۔ تاہم، خلیج کے اندر اور باہر آنے جانے والے راستے اب بھی کچھ حد تک تنازع کا شکار ہیں۔ یہ سمندری راستہ ایک ایسے وقت پر کھولا گیا ہے جب گزشتہ ماہ ایران اور امریکا کے درمیان ایک عارضی معاہدہ طے پایا تھا، جس میں چار ماہ سے جاری لڑائی کے خاتمے کا اعلان کیا گیا تھا۔


