زیارت، مانگی میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر رنج ہے، ہمارے بہادر سپوت فرنٹ لائن پر کھڑے ہوکر ملک کا دفاع یقینی بنا رہے ہیں، علی حسن زہری

کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر نائب صدر اور صدرِ پاکستان کے ترجمان برائے بلوچستان میر علی حسن زہری نے کوئٹہ کے علاقے مانگی فیز تھری میں دہشت گردوں کے حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ ملک کی بہادر سیکورٹی فورسز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان وطن کے دفاع، امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔ قوم اپنے شہداءکی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے سیکورٹی فورسز اور پولیس کے جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے بہادر سپوت فرنٹ لائن پر کھڑے ہو کر مادرِ وطن کے دفاع کو یقینی بنا رہے ہیں۔ ان کی جرات، بہادری اور قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستان کی عوام اپنی افواج، پولیس اور تمام سیکورٹی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک قومی یکجہتی اور عزم کے ساتھ جدوجہد جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں