میر شفیق الرحمان مینگل نے جس بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیاوہ قابلِ تحسین ہے، سرفراز بگٹی

کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ خضدار میں ممتاز قبائلی رہنماءوپاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر میر شفیق الرحمان مینگل کی رہائش گاہ پر دہشت گردانہ حملہ انتہائی بزدلانہ اور قابلِ مذمت ہے، امن دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ میر شفیق الرحمان مینگل نے جس بہادری، جرات اور ثابت قدمی کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، وہ قابلِ تحسین ہے اور دہشت گردوں کے سامنے نہ جھکنے کے قومی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ حملے میں ملوث تمام دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو فوری طور پر قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام، قبائلی عمائدین، سیاسی قیادت اور سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں، امن دشمن عناصر کے تمام مذموم عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے