شارجہ سے کراچی آنیوالا کارگو طیارہ سمندر میں گر کر تباہ، عملے کے تمام 5 افراد لاپتا، سرچ آپریشن جاری

کراچی (ویب ڈیسک) شارجہ سے کراچی آنے والا ’کے ٹو ائیرویز‘ کا کارگو طیارہ کراچی کے قریب سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں عملے کے تمام پانچ افراد لاپتا ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایوی ایشن ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب بوئنگ 737 طیارہ شارجہ سے سامان لے کر کراچی کی طرف آ رہا تھا اور رات کے وقت اس کا رابطہ اچانک منقطع ہو گیا۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے جہاز کے عملے کے تمام پانچوں ارکان پاکستانی شہری تھے۔ ایوی ایشن حکام نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ رات نو بج کر اٹھارہ منٹ پر کے ٹو ائیرویز کی پرواز نے اپنے راستے پر سفر کے دوران نیوی گیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی تھی، جس پر کراچی کے کنٹرول ٹاور نے فوری طور پر پائلٹ کی رہنمائی شروع کی تھی۔ طیارے کے لاپتا ہونے کے فوراً بعد پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی(پی اے اے) کی جانب سے ہنگامی امدادی مرکز کو متحرک کیا گیا اور مختلف اداروں کی مدد سے سمندر میں ایک بڑا سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ طیارہ اورماڑا کے قریب سمندر کے اوپر پرواز کر رہا تھا جب یہ لاپتا ہوا۔ سول ایوی ایشن نے لاپتا ہونے والے تمام پانچوں پاکستانیوں کی شناخت ظاہر کر دی ہے۔ حکام کے مطابق لاپتا ہونے والوں میں جہاز کے کپتان محمد رضوان ادریس، فرسٹ آفیسر فیصل جتوئی، فلائٹ انجینئرز محمد حامد اور محمد عارف صدیقی، اور لوڈ ماسٹر محمد توفیق خان شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں