بلوچستان کو اس کے جائز حصے کا پانی فراہم کرنا سندھ حکومت کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے، صادق عمرانی
سکھر (آن لائن) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات اور ارسا قوانین کے تحت بلوچستان کو زرعی پانی کے جائز حصے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی کی قیادت میں صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد خان کھوسہ، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و رکن صوبائی اسمبلی حاجی محمد خان لہڑی اور صوبائی سیکرٹری آبپاشی سہیل الرحمن بلوچ نے سکھر بیراج کا ہنگامی دورہ کیا، جہاں کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سندھ ایریگیشن حکام نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے اندر بلوچستان کو اس کے مقررہ حصے کے مطابق پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ بلوچستان کی نہروں میں اس وقت پانی کی شدید قلت ہے اور بوائی کے اہم مرحلے پر کاشتکاروں کو پانی کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر دریائے سندھ میں پانی کی مجموعی کمی بھی ہو تب بھی ارسا قوانین کے مطابق بلوچستان کو اس کے مکمل اور جائز حصے کا پانی فراہم کرنا سندھ حکومت اور متعلقہ اداروں کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے، جس کے حصول کے لیے بلوچستان حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر کیرتھر کینال غلام محمد بادینی سب ڈویژنل آفیسران امان اللہ گاجانی اور حاجی ممتاز علی سومرو بھی اس موقع پر موجود تھے۔


