بانی اور ان کی فیملی پاکستان مخالفت کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے، عمران خان کی ہمشیرہ کے بیان پر قانونی کارروائی شروع کردی، وفاقی وزرا

اسلام آباد (یو این اے) وفاقی وزرا طارق فضل چودھری اور طلال چودھری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نورین نیازی کا بیان قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے کہا کہ معرکہ حق ایک تاریخی کامیابی ہے، نورین نیازی کا بیان قابل مذمت اور افسوسناک ہے، بانی اور ان کی فیملی پاکستان مخالف بیان کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے کہا کہ نورین نیازی کے بیان پر افسوس ہوا، یہ پاکستان کی سالمیت، عزت اور وقار کے خلاف ہے، امریکی صدر نے کئی بار پاکستان کی فتح کا ذکر کیا۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ نورین نیازی کا بیان انتہائی افسوسناک ہے، بانی پی ٹی آئی اور ان کے خاندان کا ہدف پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ کے باجود پاکستان نے فتح حاصل کی، نورین نیازی کے بیان سے ثابت ہوا یہ پاکستان مخالف پراکسیز ہیں۔ وزیر مملکت طلال چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان کو ڈیفالٹ کرنے کیلئے جتن کیے، یہ لابی پاکستان کی معیشت پر بھی حملہ آور ہوئی، پاکستان کو ڈیفالٹ کرنے کے لیے آئی ایم ایف کو خط لکھے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا، نورین نیازی کے بیان پر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں