ربجا کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد، توقع ہے عہدیداران صحافیوں کے اعتماد پر پورا اتریں گے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے راولپنڈی اسلام آباد بیورو جرنلسٹس ایسوسی ایشن (ربجا) کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے نومنتخب صدر سید مجاہد نقوی، جنرل سیکرٹری چوہدری محمد شفیق، نائب صدور نصرت عباس شاہ، آصف ہمدانی، فاروق احمد اور مجاہد بھٹی، جوائنٹ سیکرٹری رضوان چوہان سمیت دیگر نومنتخب عہدیداران کو دلی مبارکباد پیش کی ہے اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ربجا کے انتخابات میں نومنتخب عہدیداران پر صحافی برادری کا اعتماد ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، صحافتی خدمات اور قیادت پر اعتماد کا واضح اظہار ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ربجا کی نئی قیادت صحافیوں کے مسائل کے حل، ان کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اور مثبت کردار ادا کرے گی۔سیدال خان ناصر نے کہا کہ آزاد اور ذمہ دار صحافت معاشرے میں آگاہی، شفافیت اور جوابدہی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہے۔ جمہوری نظام میں صحافت عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان رابطے کا اہم کردار ادا کرتی ہے اور قومی و عوامی اہمیت کے معاملات کو اجاگر کرنے میں صحافی برادری کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے صحافی قومی سطح پر پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے ملکی معاملات، عوامی مسائل اور اہم قومی امور کو مؤثر انداز میں اجاگر کر رہے ہیں۔ دارالحکومت کے صحافیوں کی پیشہ ورانہ سرگرمیاں ملکی صحافت کے مجموعی منظرنامے میں خصوصی اہمیت رکھتی ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل، صحافتی اقدار کے فروغ اور پیشہ ورانہ معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے صحافتی تنظیموں کا فعال کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے ربجا کی نومنتخب قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ نومنتخب عہدیداران صحافی برادری کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دیں گے۔سیدال خان ناصر نے ربجا کے تمام نومنتخب عہدیداران کے لیے کامیابی، استقامت اور مزید پیشہ ورانہ ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


