قومی ثقافتی دن کو مناکر دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ بلوچ ایک زندہ قوم ہے، بی ایس او ،بی این پی
کوئٹہ: بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن و بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کا بلوچ قومی ثقافتی دن منانے کی مناسبت سے مشترکہ اجلاس زیر صدارت بی ایس او کے مرکزی آرگنائزر جہانگیر منظور بلوچ کے منعقد ہوا۔اجلاس کے مہمان خاص بی این پی ضلع کوئٹہ کے جنرل سیکرٹری آغا خالد دلسوز تھے۔
اجلاس میں بی ایس او کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری حفیظ بلوچ، بی این پی کے ضلع کوئٹہ سنیئرنائب صدر ملک محی الدین لہڑی، ضلعی لیئبر سیکرٹری ڈاکٹر علی احمد قمبرانی، بی ایس او مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین ملک قبال بلوچ، ڈاکٹر ریاض بلوچ، صمندبلوچ، کوئٹہ زون کے انفارمیشن سیکرٹری ناصر زہری ودیگر کارکنان موجود تھے۔
اجلاس میں شریک شرکا نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلوچ ایک عظیم قوم ہے جس کی نو ہزار سالوں سے زیادہ قدیم تاریخ ہے لیکن بدقسمتی سے نادیدہ قوتیں بلوچ تاریخ، ثقافت، زبان کو ختم کرنے کے لیے ناکام سازشوں مصروف عمل ہیں لیکن ہمارے اقابرین، بزرگوں اور نوجوانوں نے قربانی دے کر اپنے تاریخ، ثقافت، زبان اور سرزمین کا دفاع کیا ہے۔اب بی ایس او، بی این پی سمیت دیگربلوچ قوم پرستوں پہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے سرزمین کی دفاع،قومی تشخص کے ساتھ ساتھ اپنی قومی ثقافت کے بقاءاور زندہ رکھنے کی خاطر جدوجہد کریں۔ انہوں نے اجلاس میں بلوچ قومی ثقافتی دن کو شال(کوئٹہ) میں منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہ بلوچ قومی ثقافتی دن کو مناکر دنیا کو یہ پیغام دیں گے بلوچ قوم ایک زندہ قوم ہیں جس کی ایک ثقافت ہے۔


