ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی ہر وطن دوست، جمہوریت پسند فرد کا اولین فریضہ ہے،نصراللہ زیرے

کوئٹہ :پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ورکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے کہا ہے کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی ہر وطن دوست، جمہوریت پسند فرد کا اولین فریضہ ہے، عوام پی ڈی ایم کی سیاسی جمہوری تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیئے فیصلہ کن مرحلے اسلام آباد لانگ مارچ میں اپنی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں، پشتونخوامیپ کے تمام کارکنان اپنے صفوں میں نظم وضبط پیدا کرتے ہوئے اپنی تیاریاں تیز کریں اور پارٹی اپنے محبوب قائد ملی مشر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں ہر ضلع کے قافلے کی شکل میں اسلام آباد لانگ مارچ میں شرکت کریگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاری کے سلسلے میں پارٹی کی ہدایت پر ہزار گنجی کلی حاجی محمد غوث الکوزئی میں ہزار گنجی علاقائی یونٹ کے توسیع اجلاس، تختانی بائی پاس بوراک سکیم میں اولسی جرگے اور پی بی 31وزیر آکا ترہ کلی ڈاکٹر نجیب شہید یونٹ میں بجلی کے ٹرانسفارمر اور کھمبوں کی تنصیب کے موقع پر منعقدہ افتتاح کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس سے حاجی عبید اللہ بڑیچ،سید عبدالخالق آغا، حاجی محمد غوث الکوزئی، منظور تارن، حاجی مولوی صاحب، عبدالعلی کبزئی، حاجی خزاں آکا اور تختانی بائی پاس کے توسیع اجلاس حمد اللہ خان بڑیچ، محمد نعیم اچکزئی اوردیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ انہو ں نے کہا کہ ہمارے اکابرین کی قربانیوں سے لبریز جدوجہد کے بدولت فرنگیوں کو یہاں سے شکست کھاکر جانا پڑا ور ان کے جانے کے بعد اس ملک میں آج تک حقیقی جمہوریت کے قیام کو نہیں چھوڑا گیا اور اس ملک میں طویل اقتدار آمرانہ قوتوں کی رہی ہے جنہوں نے ہر آمرانہ دور میں محکوم اقوام ومظلوم عوام پر اپنے ظلم وجبر کو قائم رکھتے ہوئے انہیں ترقی وخوشحالی اور انسانی زندگی کی بنیادی ضروریات تک سے محروم رکھا اور یہی وجہ ہے کہ جب کبھی اس ملک میں سیاسی جمہوری پارٹیاں عوام کے ووٹ سے منتخب ہوکر اقتدار میں آئی تو ہمیشہ اسے اپنے کاسہ لیسوں، ایجنٹوں اور منفی سازشوں وحربوں کے ذریعے ختم کردیا گیا۔ پشتونخوامیپ کی حکومت کو ختم کرنے والے آج نہ صرف پچھتاوے کا شکار ہے بلکہ جن سلیکٹڈ افراد کے ذریعے راتوں رات پارٹی بنائی گئی اور پھر اسے اقتدار سونپا گیا ا ن کی نااہلی، ناتجربہ کاری اور ناکام پالیسیوں واقدامات آج ان کا درد سر بن چکی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ عوام کے ووٹ پر بھروسہ کرتے ہوئے اس کی تقدس رکھنی ہوگی اگر عوام کے ووٹ کی تقدس کی پائمالی کی گئی جیسا کہ 2018کے عام انتخابات میں کیا گیا تو پھر ملک کو ایسے ہی بحرانوں کا سامنا کرنا ہوگا جیسا کہ آج ملک اپنی تاریخ کی بدترین بحرانوں میں مبتلا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نجات دلانے کیلئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی تحریک کو کامیاب بنانا ہوگا اور اس سلسلے میں پی ڈی ایم کے مرکزی فیصلے کی روشنی میں 26مارچ کو اسلام آباد کیلئے لانگ مارچ شروع ہوگا جس میں ہر جمہوری، وطن دوست، قوم دوست فرد کا فریضہ ہے کہ وہ اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں