شہید ذوالفقار بھٹو نے جان کا نذرانہ دے کر جمہوریت کو نئی زندگی بخشی، ثناءاللہ زہری

خضدار(بیورورپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 47 ویں برسی کو ملک بھر کی طرح ضلع خضدار میں بھی عقیدت و احترام سے منایا گیاشہید بھٹو کی مناسبت سے خلق جھالاوان خضدار میں ایک پروقار تقریب چیف اف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری کے زیر صدارت منعقد ہوئی برسی کی پروقار تقریب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق وزیراعلی بلوچستان نواب ثنائ اللہ خان زہری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 4 اپریل پاکستان کی تاریخ کا وہ اندوہناک دن ہے جب قوم سے اس کا عظیم رہنما، قائدِ عوام اور مظلوموں کی آواز ہمیشہ کے لیے جدا کر دی گئی۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو وہ مدبر، دلیر اور عوام دوست رہنما تھے جنہوں نے پاکستان کے عوام کو ان کی طاقت کا حقیقی ادراک عطا کیا، انہیں خودداری، وقار اور حقِ حکمرانی کا شعور بخشا اور ایک ایسے منصفانہ معاشرے کی بنیاد رکھی جس میں عام آدمی کو عزت اور شناخت حاصل ہو۔شہید بھٹو نے پاکستان کو متفقہ آئین دے کر جمہوریت کی مضبوط بنیاد رکھی، وفاق کو مستحکم کیا اور ملک کو عالمی سطح پر ایک باوقار اور خودمختار ریاست کے طور پر منوایا۔ دفاعِ پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھنا ان کا وہ عظیم کارنامہ ہے جو آج بھی قومی سلامتی کی مضبوط ضمانت ہے۔قائدِ عوام ایک ایسی ہمہ گیر سوچ اور نظریے کے مالک تھے جس کا محور محروم طبقات کو بااختیار بنانا، عام آدمی کو آواز دینا اور ایک انصاف پر مبنی معاشرے کا قیام تھا۔ وہ جرات و استقامت کی وہ روشن علامت تھے جنہوں نے ظلم و جبر کے سامنے سر جھکانے کے بجائے تخت دار کو قبول کیا اور اپنی جان کا نذرانہ دے کر جمہوریت کو نئی زندگی بخشی۔ان کی شہادت محض ماضی کا ایک باب نہیں بلکہ ایک زندہ حقیقت ہے، جو آج بھی یہ پیغام دیتی ہے کہ جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کی جدوجہد کو کبھی دبایا نہیں جا سکتا۔ ان کے لہو سے روشن کیے گئے امید کے چراغ آج بھی پاکستان میں جمہوری جدوجہد کی صورت میں فروزاں ہیں اور ہر باشعور دل میں ان کا نظریہ زندہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن، فلسفے اور عوامی خدمت کے جذبے کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی اسی نظریے پر قائم ہے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں اور عوامی حقوق کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے اج پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے نعرہ روٹی کپڑا اور مکان کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مصروف عمل ہے انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ایک مضبوط، ہمہ گیر اور انصاف پر مبنی پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، وہی پاکستان جس کا خواب قائدِ عوام نے دیکھا تھا اور جس کے لیے انہوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائے گی، ان کا نظریہ، ان کی جدوجہد اور ان کا خواب ہمیشہ زندہ رہے گا۔اج کے دن ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت اور سرخ سلام پیش کرتے ہیں تقریب سے پیپلز پارٹی قلات ڈویڑن کے صدر رفیق سجاد زہری ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار حاجی صلاح الدین زہری ضلعی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر محمد اسماعیل زہری عبداللہ اذاد زہری وائس چیئرمین ساسول میر گہور خان غلامانی میر رمضان باجوئی ودیگر نے خطاب کیا

اپنا تبصرہ بھیجیں