آواران،تحصیل جھائو میں یوفون نیٹ ورک کی معطلی برقرار، فائبر کیبل کے بہانے پر شہریوں مشکلات میں اضافہ

آواران (عبدالوحید شوہاز) آواران کی تحصیل جھائو میں یکم ستمبر سے منقطع یوفون موبائل نیٹ ورک کی غیر یقینی صورتحال نے مقامی آبادی کو شدید مواصلاتی بحران میں مبتلا کر دیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے نیٹ ورک کو صرف ایک دن کے لیے بحال کیا گیا، جس کے بعد سروسز ایک بار پھر مکمل طور پر غائب ہو گئیں، جس سے کاروباری سرگرمیاں، تعلیمی امور اور روزمرہ رابطہ کاری شدید متاثر ہو رہی ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق جھائو میں موبائل نیٹ ورک کو براہِ راست ‘جھائو ایکسچینج’ سے منسلک کیا گیا ہے۔ جہاں ایک طرف ایکسچینج کا اپنا سسٹم مکمل طور پر فعال حالت میں موجود ہے، وہاں دوسری جانب سروس کی معطلی کی وجہ بیلہ اور جھائو کے درمیان فائبر کیبل میں فالٹ کو بتایا جا رہا ہے، جس پر عوامی حلقوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔عوامی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ بیلہ-جھائو فائبر کیبل میں خرابی کا جواز بنا کر مسﺅلین اپنی ناکامی چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اگر بیلہ کی طرف کا روٹ متاثر ہے، تب بھی جھائو ایکسچینج کے پاس آواران کی جانب سے فائبر آپٹک کی متبادل سہولت پہلے سے موجود ہے۔ جب مقامی ایکسچینج کا سسٹم درست اور فعال ہے تو متبادل لنک کا استعمال نہ کرنا اور سروسز معطل رکھنا کسی بھی طور پر منطقی معلوم نہیں ہوتا۔اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس کا مطالبہ۔تحصیل جھائو کے شہریوں اور تاجر برادری نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA)، یوفون کی اعلیٰ انتظامیہ اور ضلع آواران کی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس مسئلے کا فوری اور مستقل حل نکالا جائے۔ آواران کے دستیاب فائبر لنک کو استعمال میں لاتے ہوئے موبائل نیٹ ورک کو بلا تاخیر بحال کیا جائے تاکہ عوام کی مسلسل پریشانی کا خاتمہ ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں