کورونا وائرس: ملک میں 2419 افراد متاثر، 34 اموات، 100 سے زائد صحتیاب
دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو متاثر کرکے ہزاروں کے لیے جان لیوا ثابت ہونے والا کورونا وائرس پاکستان میں بھی اپنے پھیلاؤ کو بڑھا رہا ہے اور ملک میں مزید نئے کیسز کے بعد تعداد 2 ہزار 419 تک پہنچ گئی جبکہ ابھی تک 34 افراد بھی جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ صوبہ پنجاب متاثر ہوا ہے جہاں مریضوں کی تعداد 920 تک پہنچ چکی ہے، اس کے بعد سندھ کا نمبر ہے اور وہاں 761 افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔اس کے بعد خیبرپختونخوا میں 311 افراد وائرس سے متاثر ہیں جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 169 ہے، مزید یہ کہ گلگت بلتستان میں بھی 187 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں متاثرین کی تعداد 62 ہے جبکہ آزاد جموں کشمیر میں 9 افراد میں اس عالمی وبا کی تشخیص ہوئی۔اس وائرس سے گزشتہ روز بھی 5 اموات ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد ملک میں مجموعی اموات 31 تک پہنچی تھی تاہم آج سندھ میں مزید 2 اموات جبکہ خیبر پختونخوا میں ایک موت کی تصدیق کردی گئی۔ان 34 افراد میں پنجاب سے 11، سندھ سے 11، خیبرپختونخوا سے 9، گلگت بلتستان سے 2 اور بلوچستان سے ایک مریض کا انتقال ہوا۔سندھ کی وزیر صحت و بہبود آباد ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے سندھ میں کورونا وائرس سے 2 مریضوں کے انتقال کی تصدیق کردی۔اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ 65 سالہ شخص ٹنڈو محمد خان کا رہائشی تھا جسے 28 مارچ کو حیدر آباد کے ہسپتال میں لایا گیا تھا جہاں ان کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد علاج جاری تھا۔
انہوں نے کہا کہ مریض کو بلڈ پریشر جیسے مسائل کا سامنا تھا۔بیان میں بتایا گیا کہ اس موت کے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 11 ہوگئی۔یہاں یہ واضح رہے کہ سندھ میں ہونے والی ان 11 اموات میں سے 10 کراچی میں ہوئیں ہیں جبکہ ملک میں سب سے زیادہ شہر قائد ہی متاثر ہوا ہے جہاں کیسز کی تعداد 300 سے زیادہ ہے۔علاوہ ازیں سندھ میں مزید 34 کیسز سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد 741 تک پہنچ گئی۔پنجاب دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب نے صوبے میں مزید 61 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 914 ہوگئی۔اسلام آباد میں سامنے آنے والے ان 8 کیسز کے بعد وہاں اب تک متاثرین کی تعداد 62 ہوگئی ہے۔خیبر پختونخوا میں بھی جمعرات کو کورونا وائرس کا ایک مریض جان کی بازی ہار گیا۔صوبائی محکمہ صحت کے مطابق ضلع بونیر میں ایک مریض کورونا وائرس کا شکار ہو کر جاں بحق ہوا جس کے بعد خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد 9 ہوگئی۔دوسری جانب صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 37 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد خیبر پختونخوا میں متاثرہ افراد کی تعداد 311 ہوگئی ہے۔بلوچستانصوبائی ہیلتھ ڈائریکٹریٹ کورونا وائرس سیل کے ترجمان کے مطابق بلوچستان میں جمعرات کو کورونا وائرس کے مزید 5 کیسز سامنے آئے۔انہوں نے کہا کہ اس اضافے کے بعد صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 169 ہوگئی ہے جبکہ مشتبہ مریضوں کی تعداد 2 ہزار 171 ہے۔گلگت بلتستان ادھر گلگت بلتستان میں بھی متاثرین کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور وہاں 3 نئے کیسز کے بعد تعداد 187 تک جاپہنچی