جنگی جرائم کی تحقیقات شروع، اسرائیل سے 30 روز میں جواب طلب
مقبوضہ بیت المقدس:بین الاقوامی فوج داری عدالت آئی سی سی نے گذشتہ ہفتے اسرائیل کو سرکاری طور پر مطلع کیا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ اس حوالے سے اسرائیل پر جرائم کے الزامات ہیں اور اسرائیل عالمی فوج داری عدالت کو 30 دن میں اپنا جواب جمع کرائے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق عالمی فوج داری عدالت کی طرف سے 30 دن کی مہلت دی گئی ہے۔جی سی سی کی طرف سے ڈیڑھ صفحے پر مشتمل ایک مکتوب اسرائیل کو ارسال کیا گیا جس میں سنہ 2014 کی جنگ، فلسطینی علاقوں میں غیرقانونی بستیوں کی تعمیر اور غزہ کی پٹی کی سرحد پر سنہ 2018 میں ہونے والے مظاہروں کے دوران ہلاکتوں کے بارے میں جواب مانگا گیا۔خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں عالمی فوج داری عدالت کی پراسیکیوٹر فاٹو بنسوڈا نے فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کے جنگی جرائم کی تحقیقات کا اعلان کیا تھا۔اسرائیل کے کئی عہدیداروں کو تشویش لاحق ہے کہ عالمی فوج داری عدالت انہیں کسی بھی وقت گرفتار کرنے کا حکم دے سکتی ہے۔


