آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس، خورشید شاہ کی کیس کی سماعت 4مئی تک ملتوی
اسلام آباد:سپریم کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار پیپلزپارٹی رہنما خورشید شاہ کی ضمانت سے متعلق دائر درخواست ،سید خورشید شاہ کی اہلیہ،انکے داماد ا ور دیگر شریک ملزمان کی ضمانت کیخلاف نیب کی جانب دائر درخواستوں پر سماعت اسپیشل پراسیکیوٹر نیب کی علالت کے باعث 4 مئی 2021 ء تک ملتوی کر دی ہے۔ جمعرات کو جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس قاضی محمد امین پر مشتمل تین رکنی بینچ نے مزکورہ بالا درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت قومی احتساب بیورو کے وکیل نے موقف اپنایا کہ اسپیشل پراسیکیوٹر نیب سخت بیمار ہیں، نئے پراسیکیوٹر کو کیس تیار کرنے کیلئے وقت درکار ہے۔ جس پر جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ ضمانت کا معاملہ ہے زیادہ التوا نہیں دے سکتے۔ عدالت عظمی نے خورشید شاہ کی ضمانت سے متعلق دائر درخواست جبکہ سید خورشید شاہ کی اہلیہ،انکے داماد ا ور دیگر شریک ملزمان کی ضمانت کیخلاف نیب کی جانب دائر درخواستوں پر سماعت 4 مئی 2021 ء تک ملتوی کر دی ہے۔ واضح رہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار پیپلز پارٹی رہنما سید خورشید شاہ نے ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے جبکہ نیب نے سید خورشید شاہ کی اہلیہ،انکے داماد اور دیگر شریک ملزمان کی ضمانتوں کیخلاف عدالت عظمی میں اپیلیں دائر کر رکھی ہیں ……توصیف


