یو اے ای پاک بھارت تعلقات کی بحالی کیلئے ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے، رپورٹ، دعویٰ
دبئی:متحدہ عرب امارات کے امریکا میں تعینات سفیر نے دعویٰ کیا ہے کہ یو اے ای پاکستان اور بھارت میں تعلقات کی بحالی کے لیے ثالث کا کردار ادا کررہا ہے کیو نکہ ہمیں پاکستان کے کردار کے بغیرافغانستان میں پائیدار امن کا قیام مشکل نظر آتا ہے۔اماراتی سفارتکار یوسف الاتابی نے اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے ہوور انسٹیٹیوٹ میں ورچوئل مذاکرے سے خطاب میں کہا کہ کشمیر پرپاک بھارت محاذ آرائی میں کمی اور سیز فائر کے قیام کے لیے یو اے ای نے جو کردار ادا کیا، امید ہے وہ دونوں ملکوں میں سفارتکاروں کی دوبارہ تعیناتی اور مستحکم باہمی تعلقات کا باعث بنے گا، ہوسکتا ہے کہ دونوں ملک بہترین دوست نہ بن سکیں لیکن ہم چاہتے ہیں کہ کم ازکم تعلقات اس سطح تک لے آئیں جہاں دونوں ملک ایک دوسرے سے بات چیت کرسکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کوافغانستان میں مددگار کا کردار ادا کرنا ہوگا،انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ امریکی انخلا میں جلد بازی افغانستان میں قیام امن کی کوششوں پر پانی پھیر سکتی ہیں اورغیرلبرل قوتوں کے لیے مددگار ثابت ہوسکتی ہیں،انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کے کردار کے بغیرافغانستان میں پائیدار امن کا قیام مشکل نظر آتا ہے۔


