ہوشاپ واقعہ کے خلاف بی ایس او شال زون کے زیرِ اہتمام احتجاجی مظاہرہ

بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن شال زون کے زیرِ اہتمام ہوشاپ واقعہ کے خلاف شال پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی و زونل رہنماؤں کے علاوہ دیگر طلباء تنظیمیں، سیاسی پارٹیوں کے رہنماء، سول سوسائٹی، طلباء و کثیر تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے بالاچ قادر، علی احمد قمبرانی، ناصر بلوچ، صمند بلوچ،ریاض بلوچ ،شکور بلوچ ،شہداد بلوچ و دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ ہوشاپ واقعہ شرمناک اور انسانیت سوز واقعہ ہے جس میں ایف سی اہلکار ایک بارہ سالہ بچے کو درندگی کا نشانہ بناتا ہے۔ یہ واقع کیچ میں ایف سی کی بربریت کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔
اس سے پہلے شہید حیات بلوچ کو دن دیہاڑے ان کے والدین کے سامنے گولیوں سے چھلنی کیا گیا تھا اور ان کے علاوہ بھی ایسے کئی واقعات ہوئے ہیں جو میڈیا پہ نہیں آسکے ہیں۔ یہ صرف ایک بچّے سے زیادتی کا واقعہ نہیں اور کسی بھی صورت ایک فردی عمل تصور نہیں کیاجاسکتا، بلکہ یہ سوچ ہے جو کئی دہائیوں سے بلوچستان میں عمل پیرا ہے۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ ہوشاپ واقعہ کی من گھڑت میڈیکل رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات کرنے اور ذمہ داران کے خلاف سخت اور فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں اور ذمہ داران کو تنبیہ کرتے ہیں کہ بلوچستان میں جاری ایسی سوچ اور عمل کا خاتمہ جیا جائے بصورتِ دیگر بی ایس او احتجاجی مظاہروں کے دائرہ کو مزید وسیع کریگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں