بلوچستان پہلا صوبہ ہوگا جس کی اپنی سرمایہ کاری پالیسی ہوگی، فرمان زرکون
کوئٹہ :بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے کہا ہے کہ بلوچستان سرمایہ کاری پالیسی کی تیاری ایک انقلابی اقدام ہے، یہ پالیسی آئندہ 5 سال کیلئے بلوچستان میں سرمایہ کاری کیلئے ایک روڈ میپ فراہم کریگا، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان پہلا صوبہ ہے جس کی اپنی سرمایہ کاری پالیسی ہوگی جس میں سرمایہ کاری کے ترجیحی شعبوں،صوبائی اور وفاقی حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کو دی گئی مراعات و اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، پالیسی مرتب کرنے میں تمام اسٹیک ہولڈرز نجی شعبہ، چیمبرز آف کامرس، کاروباری طبقے، متعلقہ صوبائی و وفاقی اداروں کی رائے اور مشاورت کو شامل کیا گیا ہے، بہت جلد یہ پالیسی حخومت بلوچستان کیجانب سے منظور کی جائیگی، جس کے بعد بلوچستان میں پانچ سالہ سرمایہ کاری پلان کی راہ متعین ہوگی، انہوں نے کہا کہ یہ ایک اہم پیشرفت ہے اور وزیر اعلیٰ جام کمال کی قیادت میں حکومت بلوچستان اور بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کا یہ اقدام صوبے میں سرمایہ کاری کے شعبے میں آگے لے جانے میں اہم ثابت ہوگا اور یہاں سرمایہ کاری آئیگی، انہوں نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بے شمار اقدامات کئے ہیں، بلوچستان سرمایہ کاری پالیسی کے نفاذ سے جہاں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا وہیں صوبے میں تجارتی و اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور عوام کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔


