عوام نے پی ٹی آئی کو مسترد کردیا ہے،جمال شاہ کاکڑ
کوئٹہ:پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ پی پی 84سے لیگی امیدوار معظم کلو کی کامیابی میاں نوازشریف کے بیانیے کی کا میابی ہے جولوگ کل تک کہتے تھے نوازشریف کا بیانیہ ناکام ہوگیا ہے وہ آج کسی کو منہ دیکھانے کے قابل نہیں رہے اب صرف نوازشریف رہ گیا اور باقی سب مائنس ہوچکے ہیں۔یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ ووٹ چوروں اور دھاندلی زدہ ٹولے کی انتقامی سیاسی ایک بار پھر خوشاب میں دفن ہو گئی ہے،ہر ضمنی الیکشن میں شیر کی دھاڑپہلے سے تیز ترین ہو جاتی ہے رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں خوشاب کی انتخابی فتح پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں عوام کے بھی شکرگزار ہیں جنہوں نے قائد محمد نوازشریف، شہبازشریف اور مسلم لیگ (ن) پر ووٹ کی پرچی کے ذریعے اپنے اعتماد اور محبت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ عوام کا یہ اعتماد ٹوٹنے نہیں دیں گے مایوسیوں کا خاتمہ کرکے پاکستان کی ترقی کا رْک جانے والا سفر پھر سے آگے بڑھے گاانہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی ضمنی انتخابات میں مسلسل کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام نے پی ٹی آئی کو مسترد کردیا ہے عوام اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کرکے مسلسل عمران خان کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف فیصلے سنارہے ہیں انہوں نے کہا کہ انشااللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستانی عوام جعلی تبدیلی کو ہمیشہ کیلئے سمندر برد کردینگے عمرانی ٹولے نے ڈھائی سالوں میں جو تباہی مچائی ہے، اس کا حساب لیا جائے گاکسی چینی،آٹا،پیٹرول مافیا اور ادویات چور کو بھاگنے نہیں دینگے انہوں نے کہا کہ پی پی 84خوشاب کی عوام بھی مبارکباد کی مستحق ہے جنہوں نے حق اور سچ کا ساتھ دیا۔


