بھارت میں ایک دن میں کورونا وائرس سے 50ڈاکٹر وں کی موت
نئی دہلی :نئی دہلی میں قائم انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران 244 ڈاکٹروں کی موت ہوئی ہے اور صرف اتوار کے روز وائرس سے 50ڈاکٹر ہلاک ہوگئے۔کشمیری میڈیا سروس کے مطابق ڈاکٹروں کی سب سے زیادہ 69اموات بھارتی ریاست بہارمیں ہوئی ہیں جبکہ اترپردیش میں 34 اور دہلی میں 27 ڈاکٹر وائرس کی نذر ہوگئے ہیں۔ انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر جے یش لیلی نے ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ یہ بہت بدقسمتی ہے کہ ہم نے اتوار کے روز بھارت بھر میں 50 ڈاکٹر کھودیے اور اپریل کے پہلے ہفتے کے بعدوبا کی دوسری لہر کے دوران 244 ڈاکٹروں سے محروم ہوئے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم اے کو معلوم ہوا ہے کہ بہت سے ڈاکٹروں نے ویکسین نہیں لی ہے اور تنظیم اس بات کو یقینی بنائے گی کہ تمام ڈاکٹرجو فرنٹ لائن پر ہیں وہ ویکسین لیں۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال کورونا کی پہلی لہر کے دوران بھارت بھر میں 736 ڈاکٹر اپنی زندگی سے ہاتھ دھوبیٹھے تھے۔انہوں نے کہاکہ ابھی تک کورونا وائرس سے بھارت میں مجموعی طورپرتقریباً 1000 ڈاکٹروں کی موت ہوئی ہے جن میں سے صرف 3 فی صد نے ویکسین لی تھی۔ انہوں نے کہاکہ بھارت میں پانچ ماہ کی ویکسی نیشن مہم کے دوران صرف 66 فی صد طبی دیکھ بال کرنے والے کارکنوں نے مکمل طور پر ویکسین لی ہے اور آئی ایم اے ڈاکٹروں کی ویکسی نیشن کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔


