حکومت، خواتین کو معاشی دھارے میں شامل کرنے کیلئے متعدد منصوبوں پر عمل پیرا ہے، ظفر بلیدی
کوئٹہ: صوبائی سیکرٹری ترقی نسواں ظفر علی بلیدی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صوبے کی خواتین کو معاشی مواقع فراہم کرنے اور انھیں قومی معاشی دھارے میں شامل کرنے کے لئے متعدد منصوبوں پر عملی پیرا ہے۔اس سلسلے میں موجودہ صوبائی بجٹ میں خواتین کے لیے وومن اکیڈمی، ڈیجیٹل لائبریری، تمام ڈگری گرلز کالجز میں بے بی کئیر سینٹرز اور جیلوں میں خواتین وارڈ میں خصوصی سہولیات کی فراہمی جیسے اقدامات شامل ہیں اس کے علاوہ خواتین صوبائی محتسب کا دفتر مکمل طور پر فعال ہے جبکہ تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں ورکنگ وومن ہاسٹل اور بازار بنانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ترقی نسواں اور یورپی یونین کی اشتراک سے بریس ٹیکنیکل اسسٹنس پروگرام کے تحت ایک روزہ جینڈر مین اسٹریمنگ ایکشن پلاننگ ورکشاپ کے انعقاد کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر بریس کے سینئر ٹیکنیکل ایڈوائزر محی الدین مری اور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ٹی اے بریس نظرمحمد کھیترا ن کے علاوہ محکمہ ترقی نسواں، لوکل گورنمنٹ،سماجی بہبود، خزانہ ترقیات،صوبائی محتسب،دیہی ترقیات،بی آر ایس پی، این آر ایس پی،ار ایس پی این اور دیگر محکموں اور اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔صوبا ئی سیکرٹری ترقی نسواں نے مزید کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد صوبائی حکومت کی جنیڈر پالیسی اور بریس پروگرام کے تحت جینڈر اسٹریٹیجی کی روشنی میں منصوبہ بندی کرنا ہے کہ تمام حکومتی اداروں کی سفارشات کو اس پالیسی کا حصہ بنایا جا سکے۔لہذا صوبے کی معروضی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کی جائے انہوں نے کہا کہ جنیڈر اسٹریٹیجی کے تحت خواتین کو مقامی سطح پر سماجی ترقی کے ساتھ ہم آہنگ کیا جاسکے تاکہ وہ معاشی ترقیاتی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے بر یس کے سینئر ٹیکنیکل ایڈوائزر الدین مری نے کہا کہ جنیڈر مین سٹریمنگ کے لئے حکومتی اداروں کی مدد سے ان کے محکموں کے لیے موثر ایکشن پلان تیار کی جائے تاکہ جس پر عمل درآمد کے لیے تکنیکی و مالی مدد فراہم کرسکے۔ورکشاپ میں سیکرٹری ترقی نسواں ظفر علی بلیدی کو بریس کے سینئر ٹیکنیکل ایڈوائزر محی الدین مری نے جینڈر مین سٹریمنگ ایکشن پلاننگ کی کاپی بھی پیش کی۔


