گوادر، تعلیمی بورڈ کی برانچ کا قیام ممکن نہ ہوسکا، ہزاروں طلباءپریشان

گوادر (این این آئی )گوادر میں تعلیمی بورڈ کی برانچ کا قیام نہ ہوسکا، ہزاروں طلباء و طالبات پریشان ۔ضلع گوادر کے طلباء و طالبات، والدین، اساتذہ اور سماجی حلقوں نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ گوادر میں فوری طور پر تعلیمی بورڈ کی برانچ قائم کی جائے تاکہ طلبہ کو رجسٹریشن، داخلہ فارم، امتحانی امور، مائیگریشن، اسناد کی تصدیق اور دیگر تعلیمی معاملات کے لیے دور دراز شہروں کا سفر نہ کرنا پڑے۔اہلِ گوادر کا کہنا ہے کہ ضلع گوادر کے مختلف علاقوں، جن میں گوادر شہر، پسنی، جیوانی اور اورماڑہ شامل ہیں، کے ہزاروں طلباء و طالبات کو معمولی تعلیمی کاموں کے لیے بھی دوسرے شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے، جس سے ان کا قیمتی وقت اور مالی وسائل دونوں ضائع ہوتے ہیں۔شہریوں کے مطابق گوادر میں تعلیمی اداروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے، لیکن تعلیمی بورڈ کی برانچ نہ ہونے کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔اہلِ گوادر نے وزیراعلیٰ بلوچستان، وزیر تعلیم، سیکریٹری تعلیم اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ گوادر میں تعلیمی بورڈ کی برانچ کے قیام کا جلد از جلد اعلان کیا جائے تاکہ ضلع کے طلبہ کو جدید، معیاری اور آسان تعلیمی سہولیات میسر آسکیں اور انہیں اپنے تعلیمی معاملات کے لیے دوسرے شہروں کے چکر نہ لگانے پڑیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں