کڈنی ہلز ریفرنس، سلیم مانڈوی والا سمیت دیگر پر فرد جرم عائد

اسلام آباد: کڈنی ہلز ریفرنس میں سلیم مانڈوی والا سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔احتساب عدالت اسلام آباد میں کڈنی ہلز ریفرنس کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور رہنما پیپلز پارٹی سلیم مانڈوی والا، اعجاز ہارون، عبدالغنی مجید، طارق محمود اور عبدالقادر شہوانی پر فرد جرم عائد کر دی۔احتساب عدالت نے ملزمان کو چارج شیٹ پیش کی۔ تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔

پیپلز پارٹی رہنما سلیم مانڈوی والا نے عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) کو پارلیمان میں طلب کرنے پر پارلیمنٹ خود دباؤ میں ہے جبکہ چیئرمین نیب کی طلبی کے معاملے پر چیئرمین سینیٹ بھی دباؤ میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کہتے ہیں چیئرمین نیب کو چھوڑ دیں طلب نہ کریں۔ چیئرمین نیب ایک ایک گھنٹہ ٹی وی پر آ کر لیکچر دیتے ہیں۔سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ نیب کے چکر لگا لگا کر بالآخرغلط فرد جرم عائد ہو گئی۔ چیئرمین نیب جاوید اقبال کو بھی اسی عدالت میں لے کر آئیں گے اور چیئرمین نیب کو اس ریفرنس میں بطور گواہ پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری شخصیات کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ وزیراعظم چیئرمین نیب کو ملک کا وزیر خزانہ مقرر کریں۔ چیئرمین نیب کو اگر دوبارہ عہدے پر لگایا گیا تو معیشت بیٹھ جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں