مملکت خدائیداد پاکستان کے وجود کو تسلیم نہ کرنے والے جام کمال کو کیا تسلیم کریں گے، عبدالکریم نوشیروانی

کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ 1973ء کے آئین اور مملکت خدائیداد پاکستان کے وجود کو تسلیم نہ کرنے والے جام کمال کو کیا تسلیم کریں گے؟ وزیراعلیٰ جام کمال محب وطن سیاسی شخصیت ہیں ان کے خاندان کی اس ملک کے لئے خدمات اور قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں بلوچستان کے عوام نے 73ء کے آئین اور پاکستان کے وجود کو تسلیم نہ کرنے والوں کو مسترد کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ جام کمال کے انقلابی اقدامات کو بلوچستان کے عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے اور آج وہ بلوچستان اسمبلی سے عوام دوست اور تاریخ بجٹ 2021-22کو منظور کرکے سازشی عناصر کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیں گے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں اپنی رہائش گاہ پر بلوچستان عوامی پارٹی کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کو وزیراعلیٰ جام کمال پر فخر ہے کہ انہیں ایک محب وطن و ملک دوست اور بلوچستان کو بلا تعصب ترقی و خوشحالی دینے والا لیڈر ملا ہے جوکہ ان عناصر کو چبھ رہا ہے جو اس ملک کے وجود کو تسلیم نہیں کرتے جو بلوچستان میں ترقی و خوشحالی کے مخالف ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ وزیراعلیٰ جام کمال کے آباؤ اجداد کی ایک تاریخ ہے، جام غلام محمد سے لیکر جام کمال تک نے اس ملک کی سالمیت بقاء اور دفاع میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ان کے خاندان کی قربانیاں اور اس مملک خداداد کے لئے خدمت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں شاید یہی حب الوطنی ان کا قصور ہے کہ بعض لوگوں نے وزیراعلیٰ جام کمال پر سیاسی بمباری شروع کررکھی ہے کیونکہ وہ بلوچستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوتا نہیں دیکھ سکتے لیکن ہم وزیراعلیٰ جام کمال کو یہ یقین دھانی کراتے ہیں کہ ہم صوبے کی ترقی و خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ان کے انقلابی اقدامات میں انکے شانہ بشانہ ہیں اور قدم سے قدم ملا کر چلیں گے اور عوام کے ان مسترد شدہ لوگوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم ان لوگوں کی توجہ بھی اس طرف مبذول کرانا چاہتے ہیں جو کہ پاکستان کی سلامتی اور بقاء کے لئے اپنا کردار ادا کرتے چلے آئے ہیں اور اب بھی کررہے ہیں کہ وہ بھی موجودہ حالات کا جائزہ لیں اور دیکھیں کون سے لوگ آج ان کے ساتھ کھڑے ہیں جو لوگ اس ملک کے وجود کو تسلیم نہیں کرتے انہیں جمہوری ٹرین کی اگلی بوگی میں بٹھایا گیا ہے اور جن لوگوں نے اس ملک کے لئے قربانیاں دیں اور ان کے دلوں میں پاکستان میں لکھا ہے انہیں جمہوری ٹرین کی آخری بوگی میں نیچے بٹھایا گیا ہے جہاں وہ اللہ اللہ کررہے ہیں۔ لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ فیصلے کرتے وقت تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھا جانا چاہئے اور چرب زبانی کرنے والے ان سیاسی مداریوں کے درپردہ مقاصد کو بھی ملوظ خاطر رکھنے کی ضرورت ہے جن کے چہرے اب ان کے سامنے بے نقاب ہورہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ میری ان لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ محب وطن اور ملک دوست لوگوں کو آگے لائیں تاکہ وہ اس ملک اور دھرتی کی خدمت کریں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ جام کمال اور ان کے اتحادی محب وطن ہیں اور آج انشاء اللہ یہ محب وطن بلوچستان کے انقلابی اور عوام دوست بجٹ کو منظور کرکے بلوچستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا تاریخی اور کلیدی کردار ادا کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں