وزیراعظم بلوچستان کے مسائل کا حل چاہتے ہیں، لیاقت شاہوانی
کوئٹہ: حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہاہے کہ وزیراعظم بلوچستان کے مسائل کا حل چاہتے ہیں پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ اتحادی کے طور پر بڑے اختلافات نہیں آئے، سندھ حکومت ہمارے الزامات کے خاتمے کے لئے اقدامات کرے، ہمارے پاس ڈیٹا موجود ہے معاہدے کے مطابق ہمارا حق ہمیں دیا جائے۔ ان خیالات کااظہار لیاقت شاہوانی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت شاہوانی کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے گوادر بلوچستان کے دورے سے بلوچستان میں ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی بلوچستان اپنے ویژن کو لے کر چل رہے ہیں، پی ایس ڈی پی میں 127ارب کی اسکیمیں ہیں۔ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، سابقہ دور میں سی پیک شروع کیا گیا مگر اس کو نظر انداز نہیں کیا گیا گوادر کے بغیر سی پیک محال ہے، موجودہ حکومت نے بلوچستان میں ٹرانسمیشن لائنیں بچھائی جا رہی ہیں۔لیاقت شاہوانی نے کہا کہ واپڈا سندھ کی ہٹ دھرمی میں مداخلت کرتے ہوئے ہمیں ہمارا حق دلوائے، سندھ کی ہٹ دھرمی جاری رہی تو ہمارے پاس ڈیم کا پانی روکنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں رہے گا، سندھ حکومت کے علاوہ وہاں کے بااثر زمیندار ہمارا پانی چوری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ اتحادی کے طور پر بڑے اختلافات نہیں آئے، سندھ حکومت ہمارے الزامات کے خاتمے کے لئے اقدامات کرے، ہمارے پاس ڈیٹا موجود ہے معاہدے کے مطابق ہمارا حق ہمیں دیا جائے۔ ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ وزیراعظم کے ناراض بلوچوں سے مزاکرات کے ٹی او آفس طے ہونگے جو پالیسی بنائی جائے گی اس پر کام ہو گا، جب ناراض بلوچوں سے بات چیت کا عمل شروع ہوگا تو میڈیا کو تفصیلات مل جائیں گی۔


