پلاسٹک بیگز ہمارے ماحول کیلئے انتہائی خطرناک اور نقصاندہ ہیں، عبدالصبور کاکڑ
کوئٹہ: صوبائی سیکرٹری ماحولیا ت عبدالصبور کاکڑ نے کہا کہ پلاسٹک بیگز ہمارے ماحول کیلئے انتہائی خطرناک اور نقصان دہ ہیں۔ صوبائی حکومت پلاسٹک بیگز کو ختم اوراس کے متبادل استعمال کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔پلاسٹک بیگز شہروں میں صفائی وستھرائی میں مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔ان کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ماحولیات حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام پلاسٹک بیگز کے روک تھام کے سلسلے میں محفوظ پولی تھین مینجمنٹ اسٹر ٹیجی 2021ء کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ماحولیات عبد الولی کاکڑ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عرفان نواز میمن، ایڈیشنل سیکرٹری ماحولیات جہا نگر خان کاکڑ،ڈپٹی سیکرٹری ماحولیات نصیب اللہ کاکڑ،انجمن تا جران کے مرکز ی صدر عبد الرحیم کاکڑ اور دیگر موجودتھے۔ صوبائی سیکرٹری ماحولیات نے مزید کہا کہ ماحول کے تحفظ کے سلسلے میں صوبائی حکومت نے موجود ہ بجٹ میں آلودگی کو جانچے کیلئے ماڈرن ٹیکنالوجی مشنیر یز کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد ماحولیاتی مسائل پر جلد ازجلدقابو پانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کو صاف ستھر ا رکھنے کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہے اس سلسلے میں عوام میں شعور آگاہی فراہم کرنا بے حد ضروری ہے انہوں نے کہا کہ پلاسٹک بیگز کے استعمال کو ترک کر کے اسکے متباد ل استعمال کیا جائے کیونکہ شہروں میں صفائی کے حوالے سے پلاسٹک بیگز مسائل پیدا کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ عوام اور دُکاندار پلاسٹک بیگز کے استعمال اور خرید و فروخت ختم کریں تو شہروں میں صٖفائی کی صورتحال خود بخود بہتر ہوجائے گی۔ ماحول کا تحفظ پر ذمہ داری شہری کی اخلاقی قومی زمہ داری بنتی ہے ۔


