عمران خان کے دورہ مکران کے بعد ہی بجلی کی ترسیل بند کر دی گئی،مولانا عبدالغفورحیدری

کوئٹہ:جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈوزیر اعظم کے دورہ گوادر کے بعد پورے مکران بیلٹ میں بجلی کی ترسیل بند کردی گئی ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکمران بلوچستان کے ساتھ سنجیدہ نہیں ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے دورہ گوادر کے بعد تاحال بجلی فراہمی بند ہے جبکہ مکران بیلٹ بلوچستان کا سب سے گرم ساحلی پٹی ہے انہوں نے کہا پورے بلوچستان بالخصوص قلات،مستونگ اور مکران بیلٹ کی بجلی کی عدم فراہمی کی پھر پور مذمت کرتے ہیں بلوچستان کے زمینداروں کا دارومدار زراعت سے وابستہ ہے بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے لوگوں کی فصلیں اور باغات تباہ ہوگئی ہے جبکہ وہاں کے لوگوں کے پاس صرف ایک ہی روزگار کا ذریعہ بچتا تھا جو ایرانی تیل کے زریعے اپنے گھر اور روزگار چلارہے تھے اب وہ بھی بند کردی گئی ہے۔سینیٹر مولانا عبدالغفورحیدری کا کہنا تھا کہ ایک طرف بلوچستان کو محروم صوبہ کہا جاتا ہے حقوق دینے کی بات کی جاتی ہے جبکہ ایسے موقع پر بجلی کی مسلسل دو چار روز کی بندش سے ان دعووں کی قلعی کھل کر سامنے آگئی ہے انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ ایوان بالا میں اٹھائینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں