ظہور احمد آغا نے اپنے فرائض کی باقاعدہ ادائیگی شروع کر دی
کوئٹہ: گورنربلوچستان سید ظہور احمد آغا نے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد آج پیر کے روز گورنر بلوچستان کی حیثیت سے اپنے فرائض کی باقاعدہ ادائیگی شروع کر دی ہے. صبح گورنر ہاؤس کوئٹہ پہنچے تو بلوچستان کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستے نے انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا. بعدازاں گورنربلوچستان نے گورنر ہاوس و سیکرٹریٹ کے عملے سے تعارفی ملاقات کی. انہوں نے اس موقع پر کہا کہ اُن کا واحد مقصد صوبہ اور عوام کی خدمت کرنا ہے اور یہ مقصد ہم ایک ٹیم کے طور پر مل کر دیانتداری، لگن اور محنت کے ساتھ اپنے حصے کا کردار ادا کرکے حاصل کر سکتے ہیں. اس کے بعد گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا سے مختلف وفود نے ملاقات کی اور انھیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی. وفود میں خواتین، علماء کرام، بلوچستان میں آباد اقلیتی برادری کے نمائندے شامل تھے. تحریک انصاف کے صوبائی عہدیداران اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے بھی گورنر بلوچستان سے ملاقات کی اور انھیں مبارک باد پیش کی.


