پی ڈی ایم اور جمعیت علما اسلام سلیکٹڈ حکمرانوں کے ہر عزائم کو ناکام بنائیں گے، مولانا عبدالواسع
کوئٹہ : جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور جمعیت علما اسلام سلیکٹڈ حکمرانوں کے ہر عزائم کو ناکام بنائیں گے کیونکہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے ملک کو بحرانوں کی طرف دھکیل دیا اور کشمیر کا سودا کرکے کشمیری عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد پر پانی پھیر دیا، بلوچستان میں سلیکٹڈ حکمران اپنے من پسند فیصلے کرکے صوبے کو بحرانوں کی طرف دھکیلنے کی کوشش کررہے ہیں اگر صوبائی حکومت نے ہوش کا ناخن نہ لیا تو تمام تر حالات کے ذمہ دار موجودہ سلیکٹڈ حکمران ہوں گے صوبائی حکومت کے خلاف احتجاجی آگاہی تحریک کا آغاز پشین سے کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ صوبے میں پہلی بار ایسی حکومت کو دیکھا ہے جنہوں نے اپوزیشن کے ساتھ ساتھ اپنے ہی اتحادی کو ناراض کیاگیا ہے جمعیت علما اسلام اور اپوزیشن جماعتیں سلیکٹڈ حکمرانوں کیخلاف جدوجہد جاری رکھا ہے اور حکومت کے ہر عزائم اور منصوبے کو ناکام بنایا جائے گا کیونکہ موجودہ حکمرانوں نے جس طریقے سے صوبے کو چلانے کی کوشش کی ہے تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ حکمران ہوش کے ناخن لے اور وفاق کے حکمرانوں سے بلوچستان کے سائل وسائل سے متعلق بات کریں۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے پسماندگی کے ذمہ دار یہی لوگ ہے جنہوں نے اپنے اقتدار کی خاطر ایسے لوگوں کو مسلط کیا جو ملک اور صوبے کے مفاد میں کام نہیں کررہے۔ انہوں نے کہاکہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے غریب عوام پر دو وقت کی روٹی بھی مہنگی کردی چینی آٹا گیس بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تو اضافہ کیاگیا ہے اب عوام کو احتجاج کے سوا اورکوئی راستہ نہیں ہے انہوں نے کہاکہ جمعیت علما اسلام نے حکمرانوں کے خلاف احتجاجی آگاہی تحریک کا آغاز کردیا اور جلد ہی حکمرانوں کو رخصت کریں گے۔


