پیپلز پارٹی جیالوں کے شہداء کی جماعت ہے جس نے ملک میں جمہوریت، انسانیت اور عوام کی بقاء کی جدوجہد کی ہے،علی مدد جتک
کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی جیالوں کے شہداء کی جماعت ہے جس نے ملک میں جمہوریت، انسانیت اور عوام کی بقاء کی جدوجہد کی ہے، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ(ن) کے ادوار میں عوام رل چکی ہے، عمرا ن خان کی حکومت دسمبر کے بعد نظر نہیں آئیگی آنے والا دور پیپلز پارٹی اور بلاول بھٹو زرداری کا ہے،یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز جمالی، جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی، بسم اللہ کاکڑ، شریف خلجی، ولی محمد قلندرانی، ولی محمد وردگ، نور الدین کاکڑ، اکبر شاہ، وڈیرہ شیرین مری، ثناء اللہ جتک، جعفر جارج، شہزادہ کاکڑ، ڈاکٹر ارشد، اشفاق بلوچ،شاہ جہاں گجر سمیت دیگر نے بدھ کو کوئٹہ میں مصطفیٰ خان کاکڑ کی اپنے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مقررین نے کہا کہ ہم شہدا کے جیالے ہیں پیپلزپارٹی عوام،جمہوریت اورانسانیت پر یقین رکھنے والی جماعت ہے پی ٹی آئی کا ساتھ دینے والے انہیں چھوڑیں آگے پیپلز پارٹی اور بلاول بھٹو نے آنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان کیلئے کام کرنا چاہتے ہیں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کرنا چاہتے ہیں حکومت نے نوجوانوں کو جو خواب دکھائے انکے برعکس نا اہل لوٹوں پر مشتمل حکومت نے کوئی کام نہیں کیا حکومت کے پاس کوئی وژن نہیں ہے نئے پاکستان کا نعرہ ناکام ہوچکا ہے حقیقی ترقی بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی لائیں گے ہم نیا نہیں پرانا پاکستان بنائیں گے جہاں پر غریب کو روٹی،کپڑا اور مکان میسر ہو۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نوجوانوں کو موقع دینے والی جماعت ہے جلد ہی مرکز اور صوبوں میں ہماری حکومت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ 10سال میں مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کی حکومت میں عوام رل چکی ہے عمران خان کی حکومت دسمبر سے آگے نہیں جائے گی کارکن انتخابات کی تیاریاں کریں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی سرحدوں کے اطراف میں بہت بڑی تبدیلیاں آرہی ہیں ساتھ ہی ملک کے اندر بھی تبدیلیاں آرہی ہیں پیپلز پارٹی کا یہ موقف ہے کہ تمام ادارے اپنے آئینی حدود میں کام کریں ورنہ ملک کی بقاء خطرے میں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ حکمران اربوں روپے ملک سے باہر لیکر بھاگنے کی تیاری کر رہے ہیں ہمیں خطے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں پرپارٹی کی مرکزی پالیسی پر سنجیدگی سے تابع ہونا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا دور آنے والا ہے جس میں پاکستان اور بلوچستان مضبوط،خوشحال اور آزاد ہونگے۔انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور جیسے بدکردار لوگ آج پیپلزپارٹی پرتنقید کر رہے ہیں عمران خان اپنے کٹھ پتلی وزراء کو پیپلزپارٹی کے خلاف استعمال کر رہے ہیں ہم انکی مذمت نہیں بلکہ منہ توڑ جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ہرضلع کے انتخابات کروا کر عہدیداروں کا انتخاب کیا جائے گا جبکہ کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے آج پانچ بجے اجلاس ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی قیادت اکتوبر تک بلوچستان کے سرد علاقوں کا دورہ کریگی۔انہوں نے ملک مصطفی خان کاکڑ اورانکے ساتھیوں کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ وہ پارٹی کو فعال کرنے میں اپنا کردارادا کریں گے۔اس موقع پر مصطفی خان کاکڑ نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیاانہوں نے کہا کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں پیپلز پارٹی کو مزید فعال اور منظم بنانے کیلئے بروئے کار لائیں گے۔


