ڈپٹی اسپیکر کی کشمیر الیکشن میں مداخلت کی مذمت کرتے ہیں، سردارسر بلند جوگیزئی

کوئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی انتہائی اہمیت کے حامل کشمیر کے الیکشن میں مداخلت کی مذمت کرتے ہیں، سلیکٹیڈ حکومت گلگت کی طرح کشمیر الیکشن کو بھی دھاندلی زدہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے وفاقی وزرا کا پولنگ اسٹیشنز کے اندر موجودگی تشویشناک ہے، پی پی پی کی امیدواروں پر مبینہ طور پر حکومتی غنڈوں کی فائرنگ اور پولنگ ایجنٹس کی گرفتاری کی مذمت کرتی ہیں۔ سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت شکست کا خوف دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے،کشمیر الیکشن میں دھاندلی پر الیکشن کمیشن کی خاموشی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں دھاندلی کی کوشش کی گئی تو پیپلزپارٹی شدید ردعمل دکھائے گی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری اطلاعات پی پی پی بلوچستان قاسم سوری نے حکومتی مشینری کے ہمراہ پی ٹی آئی امیدوار کے لئے ووٹ چوری کرنے کی کوشش کی گئی، قاسم سوری نے ووٹرز کو ہراساں کرنے کی بھی کوشش کی، سردار سربلند جوگیزئی کے مطابق سرکاری مشینری کے ساتھ کوئٹہ کے پولنگ اسٹیشن پر قاسم سوری کی موجودگی اور اثرانداز ہونے کوشش الیکشن کمیشن کے اصولوں کی واضع خلاف ورزی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری اطلاعات پی پی پی بلوچستان، صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ اور پی پی پی جیالوں کے شدید ردعمل نے سلیکٹیڈ ڈپٹی اسپیکر کو موقع سے فرارقرادیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابی حلقے LA-40 جموں ویلی 05 کوئٹہ کے پولنگ اسٹیشن میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی سے متعلق پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی الیکشن سیل نے آزاد جموں و کشمیر کے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو ویڈیو ثبوت ارسال کردئیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں