ریاست کی پشت پناہی نے عوام دشمن مائنڈ سیٹ کو مضبوط کیا ہے، عبدالخالق بلوچ

کوئٹہ:نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میر عبدالخالق بلوچ اور صوبائی ترجمان علی احمد لانگو نے جاری بیان میں نیشنل پارٹی نصیراباد ریجن کے زیراہتمام عوامی احتجاج پر فائرنگ کو ریجن میں موجود مائنڈ سیٹ کی عوام دشمن سوچ کی عکاس قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ ریاست کی پشت پناہی نے اس مائنڈ سیٹ کو مضبوط کیا اور اس کے بدولت عوام پر ظلم و ناانصافی میں اضافہ ہوا۔نیشنل پارٹی نے سیاسی شعور اور عوامی جدوجہد کے بدولت ان عناصر کے عوام دشمن اقدام اور رویوں کو اجاگر کیا۔جس کو عوام میں بھرپور پزیرائی حاصل ہورہی ہے۔اور اس عوامی پذیرائی سے منفی عناصر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں۔اور شکست کے غم وغصہ نے عوامی احتجاج کو طاقت کے زور پر کچلنے کی کوشش کی۔بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان کی مجموعی پسماندگی و بدحالی کے پیچھے کار فرما ریاست کی منفی پالیسیوں کی تسلسل ہے۔جس نے عوام کے مفادات کےبجائے مخصوص طبقات کے مفادات کو ملحوظ خاطر رکھا۔بادی النظر میں دونوں کے مفادات عوام دشمن ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین و قانون کسی کو کسی پر فوقیت نہیں دیتا۔ہر انسان کو بنیادی حقوق کو آئین میں تحفظ حاصل ہے۔لیکن بدقسمتی سے ریاستی پالیسیوں کے بدولت آئین و قانون بے توقیر ہے اور روز اول سے مخصوص طبقات کو طاقت کا محور بنایا گیا۔اور ان کو عوام پر مسلط کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نہ صرف بلوچستان بلکہ ملک کی تعمیر وترقی کا واحد راستہ ریاستی پالیسیوں کو عوامی بنانے میں ممکن ہے۔ائین و قانون کی حکمرانی کو قائم کرنے اور اس کے روح کے مطابق عمل کرنے میں ہے۔جس کے لیے نیشنل پارٹی جدوجہد کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کے عوامی احتجاج پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور انصاف کے تقاضے پورا کیجائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں