لندن سے نوازشریف، الطاف حسین کو وطن واپس نہیں لاسکتا، شیخ رشید

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں لندن میں مقیم مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور متحدہ قومی موومنٹ (لندن) کے سربراہ الطاف حسین کو ملک میں واپس نہیں لا سکتا۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام خارج کرنے کے لیے مقررہ وقت میں درخواست ہی نہیں دی۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے شک ہے کہ شہباز شریف راستہ بنا رہے ہیں کہ انتخابات کے دنوں میں نواز شریف کو سیدھا جیل نہ جانا پڑے، وہ وہی حکمت عملی اختیار کررہے ہیں جو انہوں نے سعودی عرب سے نواز شریف کو لانے کے لیے اختیار کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے افغانستان پر وزیر داخلہ شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں وزارت داخلہ اور وزارت اطلاعات کے عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کا امن پاکستان کا امن ہے اور افغان قوم کے فیصلے افغانستان کے فیصلے وہ جو فیصلہ کریں وہ ہمارے لیے قابل قبول ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے لیے کھولے گئے 680 سینٹرز میں 2 لاکھ درخواستیں آئی ہیں، ابھی ہماری اتنی گنجائش نہیں، ابھی ایک لاکھ سرٹیفکیٹس کی تصدیق کی جاسکتی ہے، کچھ روز بعد گنجائش میں اضافہ کردیاجائے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ وزارت داخلہ کے ماتحت محکموں بشمول وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)، نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) پاسپورٹ، ویزا سیکشن، امیگریشن میں جھاڑو پھیر کر انہیں کرپشن سے پاک کردیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں