جیکب آباد، خسرہ وباء بے قابو، بچوں کی اموات کی تعداد 70سے تجاوز

جیکب آباد؛ جیکب آباد میں خسرہ کی وباء بے قابو، مزید 2 معصوم بچے فوت، خسرہ سے اموات کی تعداد 70 سے تجاوز کرگئی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد ضلع میں خسرہ کی وباء نے سنگین صورت اختیار کرلی ہے خسرہ کی وباء بے قابو ہونے سے آئے روز بچوں کی اموات ہورہی ہے، جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے نواحی گاؤں سعید جکھرانی میں خسرہ میں مبتلا ہوکر 4 سالہ جمشیر اور 1 سالہ جمیلہ فوت ہوگئی ہیں، جیکب آباد ضلع میں خسرہ کی وباء کے باعث گذشتہ تین ماہ کے دوران اب تک 70 سے زائد بچے فوت ہوچکے ہیں اس خطرناک صورتحال کے باوجود محکمہ صحت نے خسرہ کی وباء پر قابو پانے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کئے جس کی وجہ سے شہریوں میں خوف وہراس کی لہر پائی جاتی ہے اور مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ تین ماہ سے خسرہ کی وباء کے باعث ہمارے بچے فوت ہورہے ہیں لیکن محکمہ صحت کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے جس کی وجہ سے آئے روز معصوم بچوں کی زندگیاں ختم ہورہی ہیں، انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے مد نظر اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ خسرہ میں مبتلا بچوں کو فوری علاج کی سہولت فراہم کی جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں