برطانیہ اور امریکا ایران کے جارحانہ اقدامات کو روکنے کیلئے متفق
لندن:برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے کہاہے کہ برطانیہ اور امریکا حال ہی میں بحیرہ عرب میں مرسر اسٹریٹ ٹینکر پر ایرانی حملے کی مذمت میں متحد ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق راب نے ٹویٹرپر ایک ٹویٹ میں مزید کہا کہ انہوں نے امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن کے ساتھ فون پر تبادلہ خیال کیا ہے کہ خطے کو غیر مستحکم کرنے کے ایرانی روئیے کو روکنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم بین الاقوامی امن اور سلامتی کے تحفظ کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔اس سے قبل راب نے کہا تھا کہ سلامتی کونسل کو ایران کے غیر مستحکم اقدامات اور بین الاقوامی قانون کے احترام کی خلاف ورزیوں کا جواب دینا ہوگا۔انہوں نے تصدیق کی کہ برطانیہ نے اسرائیلی بحری جہاز مرسر اسٹریٹ پر ایران کے حملے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر کو ایک خط بھیجا ہے۔انہوں نے مزید کہا مرسر اسٹریٹ پر حملے کے بارے میں غیر ملکی سفیروں کے ساتھ ایک بریفنگ کے دوران بتایا گیا ہے کہ دنیا کو بین الاقوامی نیوی گیشن کے تحفظ کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ایران جوہری بم کی تیاری کے لیے مواد کے حصول کے لیے صرف دس ہفتے کی دوری پر ہے۔


