بیروت میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 84افراد زخمی
بیروت:لبنانی ریڈ کراس نے بتایا ہے کہ بیروت میں مظاہروں کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہونے والے تصادم میں کم سے کم84 افراد زخمی ہوگئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ریڈ کراس نے زخمیوں کی حتمی تعداد جاری کرتے ہوئے کہا کہ 10 زخمیوں کو لبنان کے دارالحکومت کے مرکز سے منتقل کیا گیا، جبکہ 3 زخمیوں کو جیمیزہ کے علاقے سے منتقل کیا گیا۔ 71 زخمیوں کا جائے وقوعہ پرطبی امداد فراہم کی گئی۔بیروت بندرگاہ دھماکے کی پہلی برسی کے موقع پر ایک بڑے مظاہرے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ایک سال قبل بیروت بندرگاہ کے ایک گودام میں ہونے والے خوفناک دھماکوں میں 200 سے زائد افراد ہلاک اور 6500 زخمی ہوگئے تھے۔مظاہرے کے دوران مظاہرین نے بیروت بندرگاہ پر ہونے والے دھماکوں کی وجوہات کے بارے میں حقیقت سامنے لانے اور اس کے ذمہ داروں کو قصور وار ٹھہرانے کا مطالبہ کیا۔ اس مظاہرے میں کسی خاص جماعت کے پرچم دکھائی نہیں دیئے۔بیروت کی بندرگاہ کے آس پاس مظاہرین اور فوج کے درمیان جھڑپیں اور بھگدڑ مچ گئی۔ شہر بیروت میں سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔پارلیمنٹ کی عمارت کے سامنے مظاہرین اور سیکورٹی کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ مظاہرین نے پارلیمنٹ کے داخلی دروازے پر پتھرا کیا اور مرکزی گیٹ کو پار کرنے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔


