نواز شریف کی جان کو خطرہ ہے، محمد زبیر

لاہور:پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ کوئی چانس نہیں کہ نواز شریف پاسپورٹ کے لیے درخواست دیں۔انہوں کہاہے کہ امید ہے نواز شریف کے برطانیہ میں قیام میں توسیع کی اپیل منظور کی جائے گی۔محمد زبیر نے مزید کہا نواز شریف کی جان کو خطرہ ہے۔انہوں نے کہا نواز شریف کا کیس بہت مضبوط ہے۔گذشتہ سال مارچ میں کورونا آیا جس سے برطانیہ بہت متاثر ہوا۔نواز شریف اب بھی علاج کے مرحلے سے گزر رہے ہیں لیکن کورونا کی وجہ سے علاج میں تاخیر ہو رہی ہے۔ واضح رہے کہ برطانوی حکومت نے نواز شریف کو برطانیہ میں مزید قیام کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ نواز شریف نے برطانوی حکومت سے ویزہ توسیع کی درخواست کی تھی۔قائد ن لیگ کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ چونکہ وہ بیمار ہیں، لہذا نہیں علاج مکمل ہونے تک برطانیہ میں مزید قیام کی اجازت دی جائے۔ اب جمعرات کے روز برطانوی حکومت کے متعلقہ ادارے نے پاکستان کے سابق وزیراعظم کی ویزہ توسیع درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں برطانیہ میں مزید قیام کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ یہاں یہ یاد رہے کہ حکومت قائد ن لیگ نواز شریف کا پاسپورٹ 16 فروری 2021 کو ایکسپائر ہو چکا، اس لیے انہیں کسی دوسرے ملک کا سفر کرنے کیلئے بھی حکومت پاکستان کی اجازت درکار ہے۔حکومت پاکستان کی اجازت کے بنا نواز شریف برطانیہ سے کسی دوسرے ملک نہیں جا سکتے۔ جبکہ یہ بھی یاد رہے کہ سابق وزیراعظم کو نومبر 2019 میں لاہور ہائیکورٹ نے علاج کے غرض سے 4 ہفتوں کیلئے برطانیہ جانے کی اجازت دی تھی، تاہم نواز شریف کی جانب سے ناصرف لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن کو نظرانداز کیا گیا، بلکہ برطانیہ جانے کے بعد انہوں نے 2 سال گزرنے کے باوجود تاحال اپنا علاج شروع نہیں کروایا۔ اس حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سے الزام عائد کیا جاتا ہے کہ 2 سال گزرنے کے باوجود علاج نہ کروانا اس بات کا ثبوت ہے کہ نواز شریف بیماری سے متعلق جھوٹ بول کر بیرون ملک گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں