اعلیٰ تعلیمی اہداف کے حصول کیلئے تعلیمی معیار اور افرادی قوت کی استعداد کو بڑھانا ہوگا، سید ظہور آغا

کوئٹہ: گورنربلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہاہے کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کے مقررہ اہداف کے حصول کیلئے ہمیں تعلیمی معیار اور افرادی قوت کے استعداد کار بڑھانا ہوگا کیونکہ مقاصد کا درست تعین ہی اصل منزل کی نشاندہی کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں بیوٹمز یونیورسٹی کے وائس چانسلر انجینئر فاروق بازئی سے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ ہمیں اپنی منزل تک پہنچنے اور ترقی کی منازل تیزی سے طے کرنے کیلئے مالی انتظامات اور انسانی وسائل کے موثر استعمال کے دوران سنجیدگی اور سمجھداری کا بھرپور مظاہرہ کرنا ہوگا۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی بڑی خواہش ہے کہ بلوچستان میں تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز دن دگنی رات چگنی ترقی کریں. انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں ہے جب جدید تحقیق وتخلیق سے بھرپور استفادہ کرکے ہی ہم صوبے بھر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں صحتمند ماحول کو فروغ دینے اور درس وتدریس کے طریقہ کار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں کامیاب ہو جائینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں