افغانستان سے متعلق دوحہ اجلاس ختم، امن کے عمل کو تیز کرنے پرزور

دوحہ: افغانستان کی صورتحال پردوحہ میں ہونیوالا تین روزہ اجلاس ختم ہوگیا۔ اجلاس کے شرکا نے افغانستان میں تشدد کے واقعات اور شہریوں کی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فریقین اعتماد سازی اور فوری جنگ بندی کیلیے اقدامات کریں۔ افغان طالبان سے افغانستان کے شہروں اور صوبائی دارالحکومتوں پر حملے روکنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق شرکا نے جنگ کے فریقین پر مسئلے کا سیاسی حل تلاش کرنے کے لییزور دیا ہے۔دونوں فریقوں پر زور دیا گیا کہ وہ جلد از جلد سیاسی تصفیہ اور جامع جنگ بندی تک پہنچنے کے لیے اقدامات کریں۔

شرکا نے دوبارہ اس بات کی تصدیق کی کہ وہ افغانستان میں کسی ایسی حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے جو طاقت کے استعمال سے مسلط کی گئی ہو۔

اجلاس میں افغان حکومت اور طالبان کے نمائندوں سمیت پاکستان، امریکہ، برطانیہ، چین، ازبکستان، ریاست قطر، اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے خصوصی ایلچی اور نمائندوں نیشرکت کی۔

یاد رہے کہ افغانستان میں طالبان کی جانب سے مسلسل پیش قدمی جاری ہے۔ ایک ہفتے کے دوران طالبان نے12 صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کر لیا ہے۔

دوسری جانب افغانستان کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر امریکہ اور برطانیہ نے اپنے شہریوں کے انخلا کے لیے فوج افغانستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں