امریکی طیارہ سے گر کر ہلاک ہونے والا افغان فٹبالر نکلا

کابل: افغانستان چھوڑ کر جانے کی کوشش کے دوران امریکی طیارہ سے گر کر ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت افغان فٹبالر کے طور پر ہوئی ہے۔

افغانستان میں طالبان کے مکمل کنٹرول کے بعد غیریقینی کی صورتحال ہے، 15 اگست کو طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد حامد کرزئی ائیرپورٹ پر غیر ملکیوں سمیت افغان شہریوں کو کی بڑی تعداد موجود ہے جو ملک چھوڑ کر ہر صورت میں باہر جانا چاہتی ہے، اسی کوشش کے دوران چند روز قبل کابل ائیرپورٹ پر امریکیC-17 طیارے کے پہیوں سے 2 نوجوان چمٹ گئے تھے اور دوران پرواز بلندی سے زمین پر گر کر ہلاک ہوگئے، ان میں سے ایک نوجوان کی شناخت افغان فٹبالر کے طور پر ہوئی ہے۔

افغانستان کے جنرل ڈائریکٹوریٹ برائے اسپورٹس اور فزیکل ایجوکیشن نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکی طیارہ سے گرکر ہلاک 19 سالہ نوجوان کا تعلق افغان یوتھ فٹبال ٹیم سے تھا جس کا نام زکی انوار ہے جو مایوسی اور غیر یقینی کی صورتحال کے باعث ملک چھوڑنا چاہتا تھا تاہم طیارے سے گر کر ہلاک ہوگیا۔

واضح رہے کہ کابل میں طالبان کے داخل ہونے اور صدارتی محل پر قبضے کے بعد ہزاروں کی تعداد میں افغان شہری ملک چھوڑنے کے لیے حامد کرزئی ایئرپورٹ پر جمع ہوگئے تھے، اسی دوران 2 نوجوان طیارے کے پہیوں سے چمٹ گئے اور دوران پرواز بلندی سے زمین پر گر کر ہلاک ہوگئے۔ اس کے علاوہ کابل سے قطر جانے والے امریکی طیارے کے پہیے سے ایک افغان شہری کی بری طرح کچلی ہوئی لاش کی باقیات بھی ملی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں