خاران، انتظامیہ کا ناجائز تجاوزات کیخلاف کریک ڈاؤن شروع

خاران:ڈپٹی کمشنر عبدالسلام خان اچکزئی کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر خاران فریدہ ترین نے بازار میں تجاوزات کے خلاف کریک ڈان کا آغاز کردیا۔اس موقع پر رسالدار لائن آفیسر حاجی شوکت علی شادیزئی بھی ان کے ہمراہ تھے۔اسسٹنٹ کمشنر نے مین بازار اور لیڈیز شاپنگ سینٹر میں دکانوں کے سامنے روڈ پر رکھے سامانوں کو ہٹاکر دکانداروں کو سختی سے وارننگ دی کہ آئندہ کسی بھی دکاندار نے غیر قانونی طور پر دکان کے باہر سامان رکھتے ہوئے پایا گیا تو اس کے ساتھ کوئی نرمی، رعایت نہیں کی جائے گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں دکاندار کو بھاری جرمانہ، گرفتاری اور دکان کو سیل بھی کی جاسکتی ہے۔انھوں نے کہا کہ دکاندار حضرات ایک بات اچھی طرح ذہن نشین کرلیں کہ تجاوزات کے خاتمے تک وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے اس سلسلے میں سول کپڑوں میں ملبوس لیویز اہلکار مسلسل بازار کی نگرانی کریں گے اور دکان کے سامنے سامان رکھنے والوں کی تصاویر کھینچ کر بروقت اس کے خلاف کاروائی کریں گے۔اسسٹنٹ کمشنر خاران نے انجمن تاجران سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہر ہم سب کا ہے جس کی سڑکوں کی چوڑائی پہلے سے ہی کم ہیں اور دکاندار حضرات اس کو مزید کم کرنے کے لیے دکانوں کے سامان باہر رکھ کر عوام کو تکلیف اور ٹریفک کی روانی میں خلل ڈال رہے ہیں لہذا تمام مہذب تاجر برادری ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دکانوں کے آگے سامان رکھنے اور ناجائز تجاوزات سے گریز کریں۔اسسٹنٹ کمشنر خاران نے بازار میں نالیوں کی بندش اور ناقص صفائی کے متعلق جلد صفائی مہم چلانے کی بھی یقین دہانی کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں