گوادر،عوام کو پینے کا پانی،بجلی اورماہی گیروں کو روزگار تک میسر نہیں، مولانا عبد الحق ہا شمی
کوئٹہ:امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ گوادر کے حوالے سے حکومتی دعوے سرمایہ داروں کے تحفظ کیلئے ہیں گوادر کے معصوم عوام کو پینے کا پانی،بجلی اورماہی گیروں وعوام کو روزگار تک میسر نہیں۔حکومت اعلانات ودعوؤں کے بجائے عملی کام کریں حکمرانوں کی ترجیحات عوام نہیں کچھ اور ہیں۔حکومت عام عوام کی فلاح وبہبوداورترقی کیلئے کام کریں جماعت اسلامی عوامی مسائل کو اجاگر اورحل کیلئے ہر فورم پرآوازبلند کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا افغانستان میں بے جامداخلت کے بجائے افغانستان کی ترقی وخوشحالی میں ساتھ دیں افغانستان میں اسلامی حکومت کاقیام خوش آئند او رعوامی مسائل کے حل کی راہ ہموار کریگی۔حکومت واپوزیشن کی بے حسی،بدعنوانی وغفلت کی وجہ سے مسائل میں کمی کے بجائے اضافہ ہورہا ہے۔سلگتے دیرینہ مسائل کے ذمہ دارحکومت واپوزیشن وفاق وصوبائی حکومتیں ہیں۔موجودہ بدترین مہنگائی نے غریب عوام کے مسائل میں دوچند اضافہ کر دیا غریب عوام تعلیم وصحت کے بجائے دو وقت کے کھانے کیلئے پریشان ہیں۔موجودہ حکومت کے سب سے بڑے تحفے بدترین مہنگائی،بے روزگاری،بھاری سودی قرضے ہیں۔حکمران عوام سے کیے گیے وعدوں پر عمل کریں تو آدھے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔پاکستانی حکمرانوں کی لوٹ مار،امریکی وآئی ایم ایف غلامی،بے حسی وغفلت کی وجہ سے بے روزگاری،مہنگائی عروج پر پہنچ گئی ہیں سفارش،اقرباء پروری وبدعنوانی کے دور میں اہل پڑھے لکھے نوجوانوں کی ڈگریاں ردی کا ٹکڑے بن گئیں۔ موجودہ حکومت نے بے روزگاری میں دو سو فیصد اضافہ ہوا۔ لاکھوں نوجوان ڈگریاں اٹھائے روزی کی تلاش میں گھوم رہے ہیں۔ حکومت روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی بجائے لنگرخانے کھول رہی ہے تاجر، کسان، مزدورسمیت نوجوان،طلباء اور ہرطبقہ مستقبل کے بارے میں بہت پریشان ہیں۔ موجودہ حکمران بے روزگاری و مہنگائی کی ذمہ داری پچھلی حکومتوں پر ڈا ل کر خود خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔جماعت اسلامی مہنگائی بے روزگاری وسودی نظام کے خلاف جدوجہد کررہی ہے۔


