خضدار، پیشہ ور گداگروں کی تعداد میں اضافہ ، عوام پریشان ،حکومت سے نوٹس لینے کی اپیل

خضدار(بیورورپورٹ)خضدار شہرمیں پیشہ ور گداگروں اور بھیک مانگنے والے گروہوں کی لاتعداد آمد نے شہریوں کو سخت پریشان کردیاہے مساجد،بینکس،سرکاری دفاتر، بازاروں اور چوک چوراہوں پر عورتوں بچوں بوڑھوں اور مردوں پر مشتمل بھکاریوں کی یلغار سے عوام ذہنی اذیت میں مبتلا ہوگئے ہیں خضدارکے عوامی وسیاسی حلقوں نے کہاہے کہ آدھے سے زیادہ پیشہ ور گداگر سندھ سے خضدار منتقل ہوچکے ہیں جو ٹولیوں کی شکل میں گھر گھردکان دکان جاکر بھیک مانگتے ہیں اور نہ دینے پر بددعائیں اور بدتمیزی پر اتر آتے ہیں خواتین اور بچوں کا پیچھا کرنا معمول بن چکا ہے عوامی حلقوں نے میڈیا کو بتایا کہ بینکوں اوراے ٹی ایم کے باہر ہسپتالوں اور مساجد کے دروازوں پر ان کا جال بچھا ہوا ہے جس سے عبادت اور کاروبار میں بھی خلل پڑ رہا ہے یہ منظم گروہ ہیں جو روزانہ ہزاروں روپے بٹورکر شام کو واپس چلے جاتے ہیں عوامی و سیاسی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر خضدار، ڈی آئی جی پولیس خضدار رینج اور ایس ایس پی خضدار سے پرزور اپیل کی ہے کہ خضدار میں بڑھتی ہوئی گداگری کے خلاف فوری اور بھرپور کاروائی کر کے ان پیشہ ور بھکاریوں کو شہر بدر کیا جائے اورشہرکو گداگروں کے جھنجھٹ سے آزادکرکے انتظامی نظام کوسخت بنایا جائے تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے