پی ایف یو جے کی دو وزراء کے تمسخرانہ بیانات کی مذمت
اسلام آباد :پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (پی ایف یو جے) نے میڈیا اتھارٹی سے متعلق دو وزرا کے تمسخرانہ بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دونوں وزراء پی ایم ڈی اے پر پی ایف یو جے کے موقف سے متعلق جعلی خبریں پھیلانے کے مشن پر ہیں۔صدر پی ایف یو جے شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصرزیدی نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ایف یو جے وفاقی وزیر فواد چوہدری اور وزیر مملکت فرخ حبیب کے بیانات کی مذمت کرتی ہے،یہ دونوں وزراء جعلی خبریں پھیلانے کے مشن پر ہیں۔شہزادہ ذوالفقار نے کہاکہ دونوں وزراء کا کام پریس کی آزادی، اظہار رائے کی آزادی کافروغ ہونا چاہیے،مگر یہ دونوں وزراء جعلی خبروں اور تیسرے درجے کے پروپیگنڈا حربوں کے ذرائع بن گئے ہیں۔پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل ناصرزیدی نے کہاکہ دونوں وزراء اپنے ذاتی مفاد کی خاطرپی ایف یوجے کا نام استعمال کررہے ہیں، پی ایف یو جے میڈیااتھارٹی سے متعلق اپنے تحفظات اور موقف کا اظہار کرچکی ہے۔


