پاکستان کو موجودہ افغان صورتحال کا ذمہ دار ٹھہرانا درست نہیں، معید یوسف

اسلام آباد:مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان کو موجودہ افغان صورتحال کا ذمہ دار ٹھہرانا درست نہیں، عالمی برادری استحکام کیلئے افغانستان کا ساتھ دے، برطانوی نشریاتی ادارے کو افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان سے 7ہزار سے زائد افراد کو نکالنے میں مدد کی، پاکستان افغانستان سے آنے والوں کو آمد پر ویزا دے رہا ہے،معید یوسف نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان کی صورتحال کا ذمہ دار ٹھہرانا سراسرغلط ہے جبکہ پاکستان افغانستان میں جنگ سے بری طرح متاثر ہوا، انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو انسانی بحران سے بچانے کیلئے افغانستان کی بھرپور سیاسی اور اقتصادی معاونت کرنی چاہیے،مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کی جانب سے افغانستان کو ترک کرنا بڑے بحران کا باعث بنے گا، افغانستان میں امن اور استحکام کیلئے افغانستان کا ساتھ دینا ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں