افغانستان سے انخلاء میں مدد،پاکستان نے امریکا اور نیٹو کی درخواست منظور کرلی
اسلام آباد/کراچی(انتخاب نیوز+مانیٹرنگ ڈیسک+ایجنسیز)امریکا اور اتحادی افواج نے 31 اگست تک افغانستان سے حتمی انخلا کے لیے پاکستان سے مدد کی درخواست کی ہے، جسے پاکستان نے قبول کرلیا۔ذرائع کے مطابق یہ درخواست امریکی فوج اور نیٹو نے کی، پاکستان نے امریکی درخواست منظور کرلی۔سول ایوی ایشن اتھارٹی ذرائع کے مطابق افغانستان سے متعلقہ افراد کو لے کر پروازیں کراچی اور پشاور بھی پہنچیں گی جہاں سے اْنہیں امریکا اور دیگر مغربی ممالک منتقل کیا جائے گا۔افغانستان سے امریکی مدد گاروں کو نکالنے والی پانچ ابتدائی پروازیں کراچی میں اْتریں گی، افغانستان سے کراچی لائے گئے افراد کیلیے رہائشی انتظامات سندھ حکومت کرے گی۔افغانستان سے غیرملکیوں کے انخلا کے بعد ان کے اپنے ممالک بھیجنے کی خاطر دارالحکومت اسلام آباد میں خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں۔ اسی سلسلے میں اسلام آباد کے تمام ہوٹلز 21 روز کے لئے بند کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام بند ہوٹلز کے رومز ضلعی انتظامیہ کے قبضہ میں ہوں گے۔ تمام ہوٹلز کو خالی کرانے کے احکامات بھی جاری کر دئیے گئے ہیں۔ تمام ہوٹلزمیں افغانستان سے آئے غیرملکیوں کو ٹھہرایا جائے گا۔ ہزاروں کی تعداد میں غیرملکی کل سے پاکستان پہنچنا شروع ہوں گے جنہیں مقررہ ہوٹلز میں رہائش کی سہولت فراہم کی جائے گی۔


